نئی دہلی ،05؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) کرناٹک میں انتخابی تشہیر کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔ ریاست میں وزیر اعظم مودی کی مسلسل ریلیوں کو لے کر راہل گاندھی نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ہفتہ کو کانگریس کے صدر نے ٹویٹ کیا اور پوچھا کہ پی ایم کرناٹک میں اپنے موسٹ وانٹیڈ '11 داغی لیڈروں کے خلاف کب بولیں گے۔ راہل نے آج ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھاکہ ڈئیر مودی جی ، آپ بہت باتیں کرتے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ آپ کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے راہل نے لکھاکہ کرناٹک میں امیدواروں کے آپ کے انتخاب کا ایک نمونہ پیش ہے۔ یہ کرناٹک کے’موسٹ وانٹیڈ‘لوگوں کے ایپی سوڈ جیسا لگتا ہے۔راہل کے ذریعہ پوسٹ ویڈیو میں ریڈی برادران، بی جے پی کے سی ایم امیدوار یدی یورپا سمیت 11 رہنماؤں کا ذکر کیا گیا ہے جن پر بدعنوانی اور جرائم کے معاملات درج ہیں۔ اس میں پوچھا گیا ہے کہ کیا وزیر اعظم مودی ان لوگوں کو امیدوار بنائے جانے پر بولیں گے؟راہل نے مودی سے پوچھے یہ سوال ۔کیا آپ ریڈی برادران کو دئیے گئے 8 ٹکٹوں پر 5 منٹ بولیں گے؟کیا اپنے وزیر اعلی امیدوار (بی ایس یدی یورپا) پر بولیں گے جن کے خلاف بدعنوانی اور دھوکہ دھڑی جیسے 23 معاملات درج ہیں؟آپ ان 11 وزراء پر کب بولیں گے، جن کے خلاف بدعنوانی کے معاملات ہیں؟